شاعرِ حمدونعت طاہرسلطانی کے اعزاز میں

شاعرِ حمدونعت طاہرسلطانی کے اعزاز میں
ممتازبراڈ کاسٹر و ادیب، یاورمہدی کی تقریب پذیرائی



ممتازدانشور ڈاکٹر شاداب احسانی نے کہا کہ حمدونعت گوئی میں طاہرسلطانی منفرد شاعر ہیں۔ ان کے مسلسل تحقیقی کام میں عقیدت اور وابستگی نمایاں ہے۔ طاہرسلطانی نے حمدونعت گوئی پر جس قدر ریسرچ اور کام کیا ہے، میرے نزدیک اس پر وہ خود پی ایچ ڈی کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ان پر پی ایچ ڈی کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے سینئر براڈ کاسٹر یاورمہدی کی جانب سے طاہرسلطانی کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ اور ان کے نعتیہ انتخاب ’’نعت رحمت‘‘ کی تقریب اجراء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انجمن ترقی اُردو کی ڈاکٹرفاطمہ حسن، انصارالحق قریشی، محمدرفیق مغل، نگین شاہ، عابدرضوی، ڈاکٹرسہیل شفیق، عقیل احمدعباسی، ڈاکٹرطاہرقریشی، ڈاکٹردائودعثمانی، ایف ایم ریڈیو کے ڈائریکٹر تنویر احمد، ظفرخان اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرشاداب احسانی نے مزید کہا کہ طاہرسلطانی نے اپنی تحقیق اور کام سے حمدونعت گوئی میں ایک تاریخ رقم کی ہے۔ وہ ریسرچ سینٹرقائم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ مثبت سمت کام ہوگا۔ انجمن ترقی اُردو کی معتمد ڈاکٹرفاطمہ حسن نے کہا کہ طاہرسلطانی نے حمدونعت گوئی کو ایک مشن کے طور پر اختیار کیا۔ اس میں ان کی ریسرچ آئندہ بھی لوگوں کی راہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ نگین شاہ نے کہا کہ طاہرسلطانی نے حمدونعت گوئی میں بے مثال کام تخلیق کیا ہے۔ سینئربراڈ کاسٹر اور میزبان یاورمہدی نے کہا کہ طاہرسلطانی نے اپنے اس شعبہ میں اپنی انفرادیت قائم رکھتے ہوئے اچھی تحقیقی روایت قائم کی ہے جو ہر دور کے لیے کارآمد ہے۔ اس موقع پر طاہرسلطانی کو ایک شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ مہمان خاص نعت و حمدگو طاہرسلطانی نے کہا کہ اس پذیرائی پر یاورمہدی اور دیگر اہلِ علم و فضل کے شکرگذار ہیں۔ یہ ایک دینی فریضہ ہے۔ حمدونعت گوئی افادیت کا حامل تحقیقی کام ہے۔ میری خواہش اور کوشش ہے کہ اس سلسلہ میں ریسرچ سینٹر قائم کرسکوں۔ آئندہ بھی اگر کسی کو دلچسپی ہو تو اسے آسانیاں میسر رہیں۔ تحقیقی کام میں ہمارے یہاں جس طرح تعاون و مدد کی ضرورت ہوتی ہے وہ میسر نہیں، اس لیے لوگ گریزاں رہتے ہیں۔