’’بزمِ جہانِ حمد پاکستان‘‘ کے تحت ماہانہ طرحی حمدیہ مشاعرہ منعقد ہوا

’’بزمِ جہانِ حمد پاکستان‘‘ کے تحت ماہانہ طرحی حمدیہ مشاعرہ منعقد ہوا

(رپورٹ)


ادارہ چمنستانِ حمدونعت ویلفیئرٹرسٹ کے ذیلی ادارے ’’بزمِ جہانِ حمدپاکستان‘‘ کے زیراہتمام ماہانہ طرحی حمدیہ مشاعرہ گلستانِ جوہر، کراچی میں منعقد ہوا۔ تلاوتِ قرآن اور نعت رسولﷺ کی سعادت حافظ محمدنعمان طاہر اور منظرعارفی نے حاصل کی۔ مشاعرے کے آغاز سے قبل ممتاز اور قادرالکلام شاعر، حضرت صباؔاکبرآبادی رحمتہ اللہ علیہ اور ممتاز علمی و رُوحانی شخصیت، خواجہ شفیق احمدفاروقی مدنی رحمتہ اللہ علیہ کے درجات کی بلندی کے لیے شرکائے محفل نے سورۂ فاتحہ اور سورۂ اخلاص کی تلاوت فرمائی۔
بانیٔ ادارہ طاہرحسین طاہرؔسلطانی نے ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ادارہ چمنستانِ حمدونعت ویلفیئرٹرسٹ ستّر کی دہائی سے فروغِ حمدونعت کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود ادارے کی خدمات کا دائرہ بے مثل ہے۔ جہانِ حمدپبلی کیشنز کے تحت دِینی و اصلاحی اور کُتبِ حمدونعت ڈیڑھ سو کے لگ بھگ شائع ہوچکی ہیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ اسی طرح ’’بزمِ جہانِ حمد پاکستان‘‘ کے زیراہتمام ۱۹۹۸ء سے ہر ماہ طرحی حمدیہ مشاعرہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ گاہے گاہے نعتیہ مشاعروں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ حضرت علی مدرسہ القرآن میں ۲۶برس سے حفظ و ناظرہ قرآن کی تعلیم فی سبیل اللہ دی جاتی ہے۔
طرحی حمدیہ مشاعرے میں جن شعرائے کرام نے بارگاہِ ربُّ العزت میں ہدیۂ حمد پیش کیا۔ ان میں حامدعلی سیّد، جمال احمدجمال، اقبال شاہین، شارق رشید، عزیزالدین خاکی، اسلم راہی، نجیب قاصر، نعیم انصاری، حاجی یوسف اسمٰعیل، آسی سلطانی، تنویرسخن اور ناظم مشاعرہ طاہرسلطانی کے علاوہ لاہور سے ممتاز نعت گو، شاعرِنعت راجارشیدمحمود، امریکہ سے معروف شاعر تنویرپھول نے طرحی حمدیہ کلام ارسال فرمایا جسے حافظ نعمان طاہر نے نذرسامعین کیا۔ صاحبِ خانہ ممتاز شاعروپروڈیوسر تاجدارعادل نے تمام شرکائے محفل کا شکریہ اَدا کیا۔ شاعرِحمدونعت طاہرسلطانی نے عالمِ اسلام بالخصوص پاکستان اور شہرِحمدونعت کراچی کے امن و امان اور ترقی کے لیے دُعا کی۔