*ملکر ہـےبچانا یہ چمن*🌹

 *ملکر ہـےبچانا یہ چمن*

تازہ حالات کے تناظر میں برادران وطن  کے نام ، خصوصی پیغام  ....    بموقعہ یومِ آزدئ ہند
  15 اگست  2018
     ❣鹿鹿❣
ہـےخزاؤں کی عداوت کا نشانہ یہ چمن
ہم کریں فصلِ اخوت سے سہانا یہ چمن
ہند کے تخت پہ غدّار وطن ہیں قابض
سب وفا داروں کو ملکر ہے بچانا یہ چمن
آہ ، کوئ تو یہ شعلوں کی سیاست روکے
باغباں چاہتے ہیں خود ہی جلانا یہ چمن
آج ہم اپنی ہی غفلت سے ہوئےہیں کمزور
خودہمیں جاگ کے،لازم ہے جگانا یہ چمن
یہ سِسکتے ہوئےمنظر نہیں دیکھے جاتے
ہمکو راحت کے گلوں سے ہے سجانا یہ چمن
نہ ہوں روتی ہوئ مائیں، نہ بِلکتے بچے
قیدِ آزار وستم سے ہے چھڑانا یہ چمن
ہر عدالت میں ہو انصاف کی بالا دستی
ہمکو مِل کر ہے اِسی رنگ میں لانا یہ چمن
سینۂ گُل بنے گنجینۂ علم و حکمت
ہمکو ہے روضۂ تعلیم بنانا یہ چمن
لاکھ، پھولوں کی زباں پر ہوں تشدد کے حصار
گائےگا جرأت و ہمت کا ترانہ یہ چمن
منہ کی کھائیں گے شریعت کے مخالف سارے
فیضِ خواجہ سے ہے تاحشر، توانا یہ چمن
وقت آیا تو لہو دے کےاِسے سینچا ہے
رنگِ ایثار و وفا سے ہے یگانہ یہ چمن
دیکھ لوکافی واشفاق کی سیرت پڑھ کر
ہے شجاعت کے جواہر کا خزانہ یہ چمن
ہم سبھی اہلِ وفا، عہد کریں آج کے دن
ہونےدینگے نہ جـفاؤں کا ٹِھکانا یہ چمن
اےفریدی، ہوں محبت کے ترانے ہر سمت
کاش پاجائـے وہی سـاز پرانا یہ چمن
❣❣❣❣❣❣❣❣❣❣❣❣❣
از قلم محمد سلمان رضا فریدی صدیقی مصباحی بارہ بنکوی مسقط عمان